
سلام آباد(سٹاف رپورٹر)نوید کامران بلوچ نے پاکستان کے 9 ویں وفاقی محتسب کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان سے حلف لے لیا۔ منگل کو یہاں ایوان صدر میں حلف برداری کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں اعلیٰ سرکاری حکام اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ نوید کامران بلوچ چار سالہ مدت کےلئے اپنے عہدے پر فائز رہیں گے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق نوید کامران بلوچ وسیع انتظامی تجربہ رکھتے ہیں اور وہ مختلف اعلیٰ انتظامی عہدوں پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ وہ اس سے قبل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، وفاقی سیکرٹری اور وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری سمیت کلیدی انتظامی عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ حلف برداری کی تقریب کے بعد وفاقی محتسب نے صدر مملکت سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے اس موقع پر وفاقی محتسب کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کو انصاف تک رسائی بہتر بنانے، مقدمات کے جلد و موثر فیصلے کو یقینی بنانے اور وفاقی اداروں میں شکایات کے بروقت ازالے کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کو ترجیح دیں



